قتل کے 18 سال پرانے مقدمہ کے ملزمان کا ٹرائل شروع کرنے کا فیصلہ

January 29, 2023

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپراکی عدالت نے اسلام آباد پولیس کی جانب سے شنویز اور ندیم حسین کو مانسہرہ سے اغواء کرکے مبینہ جعلی پولیس مقابلہ میں قتل کردینے سے متعلق 18سال پرانے مقدمہ کی سماعت کے دوان ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر( ریونیو) اسلام آبادراجہ امتیاز جنجوعہ اور 3 سابق پولیس افسران سابق ایس پی ادریس راٹھور ، سابق ایس پی ارشد علی اور سابق ڈی ایس پی ممتاز ملک سمیت 9 ملزمان کا ٹرائل شروع کرنے کا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے تمام ملزمان کو 23 فروری کو طلب کر لیا ہے ،عدالت نے مہتاب حسین کی جانب سے دائر استغاثہ کی سماعت کا ہفتہ کے روز تحریری فیصلہ جاری کیا ہے جس میں قراردیاہے کہ مدعی مقدمہ کی جانب سے استغاثہ میں کافی شواہد پیش کئے گئے ہیں اور مدعی استغاثہ ثابت کرنے میں کامیاب رہاہے جس پر ملزمان کا ٹرائل شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ملزم وسابق ڈی ایس پی ممتاز کے متعلق عدالت کو بتایا گیا کہ وہ فوت ہو چکا ہے جس پر عدالت نے قرار دیاکہ اس حوالے سے باضابطہ رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی فیصلہ کیا جائیگا۔