کئی شہروں میں پٹرول کی قلت‘ گاڑیوں  کی لمبی قطاریں

January 30, 2023

لاہور(ایجنسیاں)ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑاجبکہ گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں ۔پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے بند پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائیاں شروع کردیں۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق شہریوں کے لیے پیٹرول کی فراہمی روکنے پر فلنگ اسٹیشنز کے 8منیجرز کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کراچی ‘حیدر آباد‘ پشاور‘ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، رحیم یار خان اور بہاولپور سمیت دیگر شہروں میں مختلف مقامات پر پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کے باعث عوام کو پریشانی کا سامنا ہے۔پمپ مالکان نے دعوی کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کم ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ پیٹرول پمپس مالکان نے قیمت بڑھنے کی وجہ سے پیٹرول ذخیرہ کیا اور عارضی طور پر فروخت کو بند کیا گیا۔