کراچی( رپورٹ/ اخترعلی اختر )سائرہ پیٹر کی اوپیرا دھمال پر شاندار پرفارمنس، وفاقی وزیر ثقافت بھی جھوم اٹھے. برٹش پاکستانی اوپیرا اسٹار کے اعزاز میں پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔مختلف ممالک کے افسران اور اہم ثقافتی شخصیات کی شرکت نے چار چاند لگادیئے۔اس موقع پر پاکستان کی پہلی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر نے مختلف زبانوں میں اوپیرا موسیقی میں آواز کا جادو جگایا۔شائقین موسیقی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے)، نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن کے زیرِ اہتمام سائرہ پیٹر کے اعزاز میں ’’صوفی اوپیرا لائیو کنسرٹ‘‘ کا انعقاد پی این سی اے آڈیٹوریم اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ یہ موسیقی کی خصوصی محفل ستارۂ امتیاز 2026 کی تقریبات کے سلسلے میں منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن اورنگزیب خان کھچی تھے۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکریٹری فرح ناز اکبر، ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے محمد ایوب جمالی اور سابق وفاقی وزیر سید جمال شاہ بھی موجود تھے۔