• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میئر اور چیئرمین مدت مکمل ہونے کے بعد بھی ایڈمنسٹریٹر رہیں گے، لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل سندھ اسمبلی میں پیش

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی کے اجلاس میں بدھ کو سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2026ءپیش کردیا گیا۔ اس بل پر مزید غور و خوض کیلئے ایک پارلیمانی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو ایک ہفتہ میں اپنی رپورٹ پیش کریگی۔ ترمیم کے تحت میئر اور چیئرمین مدت مکمل ہونے کے بعد بھی ایڈمنسٹریٹر رہیں گے،ڈپٹی میئر اور وائس چیئرمین کے اختیارات میں بھی اضافہ تجویز پیش کی گئی ہے، موٹر وہیکل آرڈیننس 65 میں ترمیمی بل ایوان نے منظور کرلیا، یہ ترمیم کار ڈیلرز کے بارے میں ہے ۔ پہلے جو گاڑی ایک ماہ میں رجسٹرڈ نہیں ہوتی تھی اس پر جرمانہ لگتا تھا تاہم اب شو روم پر کھڑی گاڑی پر چھہ ماہ تک جرمانہ نہیں ہوگا۔ گاڑی روڈ پر آنے کے ساتھ جرمانہ لگ سکتا ہے۔ ایوان نے بعض دوسری ترمیمی قوانین کی بھی منظوری دیدی۔ کارروائی کے دوران عوامی اہمیت کے حامل کئی توجہ دلاؤ نوٹس پیش کئے گئے۔سندھ اسمبلی کا اجلاس بدھ کو ڈپٹی اسپیکر نوید انتھونی کی زیر صدارت شروع ہوا۔ایوان کی کارروائی کے دوران وزیر قانون و پارلیمانی امور ضیا ءالحسن لنجار نے اجلاس کی صدر نشیں سے کہاکہ پارلیمانی سیکرٹری بلدیات سراج قاسم سومروسندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2026 ء ایوان میںپیش کی۔ اس موقع پر اجلاس کے صدر نشیں ڈاکٹر سکندر شورو نے سندھ بلدیاتی قانون 2013میں ترمیم کے لئے ایک 12 رکنی کمیٹی قائم کردی جوایک ہفتے میں پیش کرے گی۔کمیٹی میں وزیر قانون ضیا لنجار کے علاوہ حکومت اور اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹیوں کے ارکان شامل ہیں۔ مجوزہ ترمیمی قانون کے تحت میئر اور چیئرمین مدت ختم ہونے کے بعد بھی ایڈمنسٹریٹر رہیں گے۔ ڈپٹی میئر اور وائیس چیئرمین متعلقہ کونسل کے کنوینر ہوں گے۔ ڈپٹی میئر اور وائیس چیئرمین کونسل اجلاس کی صدارت کریں گے۔ مسودہ کے مطابق بلدیاتی انتخابات کا عمل کونسل کی مدت مکمل ہونے سے 120 روز قبل شروع کیا جائے گا۔ انتخابات نہ ہونے کی صورت میں میئر اور چیئرمین ایڈمنسٹریٹر کی صورت میں کام جاری رکھیں گے۔ چیئرمین اور وائیس چیئرمین کے خلاف تحریک عدم اعتماد دو تہائی اکثریت کے ساتھ منظور ہو سکے گی۔ مجوزہ قانون میں براہ راست منتخب نمائندوں کے لیئے احتساب کا نظام وضع کیا گیا ہے۔ کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کا چیف ایگزیکٹو میٹرو پولیٹن کمشنر ہوگا۔
اہم خبریں سے مزید