کراچی میں سخت سردی کی لہر، تمام عمر کے افراد انفیکشن میں مبتلا

January 30, 2023

کراچی ( آن لائن ) صوبائی دارالحکومت کراچی میں گزشتہ 10روز سے جاری سخت سردی کی لہر کے باعث ہر عمر کے افراد انفیکشن میں مبتلا ہونے لگے، ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا۔ماہرین نے بتایا کہ انفیکشن کے مریضوں میں سب سے زیادہ چھوٹے بچے متاثر ہوئے ہیں، اور اگر یہ انفیکشن کو نظرانداز کردیا گیا تو بچے نمونیا اور خسرے کا شکار ہوسکتے ہیں۔ پاکستان پیڈیایٹرک ایسوسی ایشن کے ڈاکٹر وسیم جمالوی نے بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں سے اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد دگنی ہوگئی ان میں سے زیادہ تر کیسز وائرل انفیکشن کے ہیں جن کا علاج مریض کے علامات دیکھتے ہوئے کیا جارہا ہے۔ڈاکٹر وسیم جمالوی نے مریضوں کو خود سے ادویات کا استعمال اور اینٹی بائیوٹک ادویات استعمال کرنے سے سختی سے منع کیا ہے۔انہوںنے کہاکہ اچانک سے موسم میں تبدیلی کے باعث بڑی تعداد میں لوگ انفیکشن سے متاثر ہوئے ہیں، ان میں سے کئی مریض بخار، کھانسی، گلے میں درد اور زکام کی شکایت کررہے ہیں۔