صحافیوںکی جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، نیشنل پارٹی

January 31, 2023

کوئٹہ(این این آئی)نیشنل پارٹی کے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری اسلم بلوچ صوبائی انفارمیشن سیکرٹری علی احمد لانگو اور صوبائی سوشل میڈیا سیکرٹری سعد بلوچ نے بیان میں بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے نو منتخب صدر عرفان سعیداور نو منتخب جنرل سیکرٹری منظور احمد بلوچ سمیت پوری کابینہ و اراکین کو یونین آف جرنلسٹس کی قیادت سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ صحافت ریاست وسماج کاایک اہم ستون ہے۔ حقیقی صحافت سے مثبت تبدیلی و تعمیری رجحانات کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ملک میں آزادی اظہار و میڈیا پر قدغن کی پالیساں برقرار ہیں بالخصوص بلوچستان کے جملہ مسائل کو ریاستی پالیسی نے اجاگر کرنا شجر ممنوعہ قرار دیا۔ایسے میں بلوچستان کے صحافیوںنے بلوچستان جیسے سماج میں اپنا مثبت کردار ادا کیاجو قابل تعریف ہے۔بیان میں کہاگیا ہے کہ آج بھی جس قسم کے سنگین مسائل اور مشکلات کا شکار بلوچستان کے صحافی ہیںوہ کسی اور کو نہیں۔نیشنل پارٹی بلوچستان میں صحافیوں کی پیشہ وارانہ خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ نیشنل پارٹی آزاد اور خودمختار صحافت کی علمبردار ہے۔