کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان وکلاء ایکشن کمیٹی کے چیئرمین علی احمد کرد سیکریٹری صدر سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن حسیب جمالی ،نائب صدر سندھ ممبر پاکستان بار کونسل بیرسٹر صلاح الدین نائب صدر پنجاب ربعیہ باجوہ نائب صدر خیبر پختونخوا ممبر بار کونسل علی زمان نائب صدر بلوچستان غنی خلجی اور راحب خان بلیدی نے تحریک انصاف کے ممبران پارلیمنٹ، پارٹی ورکر اور کئی بے شمار وکلاء کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاہےکہ حکومت ایک پرامن احتجاج سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہاہےکہ پنجاب اور ملک کے تمام جیلوں میں تحریک انصاف کے پارٹی کے لوگوں کی بھر مار نظر آرہی ہے اور یقینا ہمارے ملک کی آج کی اس سیاسی صورتحال کی تصویر سارے دنیا میں ایک گونج پیدا کیا ہے اور دنیا کے لوگوں کیلئے اس حقیقت کو سمجھنا کتنا مشکل ہوتا ہوگا کہ پاکستان میں بظاہر آئین جمہوریت عدلیہ بھی موجود ہے ایک بڑی پارلیمنٹ بے شمار سیاسی جماعتوں کی موجودگی کے باوجود بھی ہر لحاظ سے سیاسی طور پر زیر عتاب ایک سیاسی پارٹی تحریک انصاف کو ایک پرامن مظاہرہ کرنا کتنا مشکل ہے۔انہوں نے تمام گرفتار سیاسی کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیاہے۔