آٹا کوٹہ ویلج کونسل کی سطح پر بلدیاتی نمائندوں کو دیا جائے، ارباب عمرخان

January 31, 2023

پشاور ( وقائع نگار)چیئرمین تحصیل کونسل چمکنی ارباب عمرخان نے سرکاری آٹے کی غیرمنصفانہ تقسیم پرافسوس کا اظہارکیا ہے اور کہاہے کہ سرکاری آٹا ویلج کونسل کی سطح پر بلدیاتی نمائندوں کے حوالے کیاجائے، چیئرمین، جنرل کونسلرز اورر سیکرٹری ویلج کونسل پرمشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے اور اسی کمیٹی کو آٹے کی تقسیم کی ذمہ داری سونپی جائے ایک بیان میں تحصیل چمکنی ارباب عمرخان نے کہاہے کہ سابق صوبائی حکومت کے دورمیں من پسند افراد کو نوازاگیاتھا اورابھی تک وہی غیرمنصفانہ سلسلہ شروع ہے جس سے غریب عوام کو سرکاری آٹا کی فراہمی میں مشکلات در پیش ہیں اور مستحق اور غریب عوام سرکاری آٹے کی حصول سے رہ جاتے ہیں۔ ارباب عمر کاکہناتھاکہ اس غیرمنصفانہ نظام کے خاتمے اور متعلقہ ویلج کونسلز اورنیبرہوڈکونسلز کے بلدیاتی نمائندوں کویہ کوٹہ دینے کے سلسلے میں گذشتہ ہفتہ ڈپٹی کمشنر پشاور سے ویلج کونسلز کے چیئرمین کے 25 رکنی وفدکے ہمراہ ملاقات بھی کی گئی تھی جس میں انہوں نے اس تجویز سے اتفاق بھی کیا تھا اور دودن کا وقت دیاتھا تاہم ابھی تک ان مطالبات کو عملی شکل نہیں دی جاسکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی نمائندے اپنے اپنے علاقوں کے ہرمحلے اورہرگھر سے بخوبی واقف ہیں اورعوام کی رسائی بھی ان نمائندوں تک بہ آسانی حاصل ہیں اگر اس نظام کو بلدیاتی نمائندوں کومنتقل کیاجائے تواس ضمن میں بیشتر مسائل خود بخود حل ہوجائیں گے۔ ارباب عمرنے کہاکہ ویلج کونسل کے سیکرٹری کی موجود گی اورچیئرمین کی سربراہی میں دیگر بلدیاتی نمائندوں پرمشتمل کمیٹی کے سبب آٹے کی تقسیم میں شفافیت بھی یقینی ہوگی اور متعلقہ علاقوں کے عوام کوبہ آسانی سرکاری آٹابھی دستیاب ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ مہنگائی کو مدنظررکھتے ہوئے جلدازجلد عوام کوسہولت کی خاطریہ کوٹہ بلدیاتی نمائندوں کو دیاجائے جس سے نہ صرف عوام کو بھی ریلیف ملے گا بلکہ ویلج کونسل سیکرٹری کی موجودگی میں اس کی تقسیم بھی شفاف اورمنصفانہ طریقے سے ہوسکے گی۔