’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ سے الگ ہونے والے شیلیش لودھا واجبات کے منتظر

January 31, 2023

رپورٹ کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی کی ادائیگی کا چیک اس طرح سے روکا گیا ہے۔

بھارتی ٹی وی چینل کے مشہور شو تارک مہتا کا الٹا چشمہ کے معروف اداکار شیلیش لودھا کے بقایاجات ان کے شو سے الگ ہونے کے 6 ماہ بعد بھی ادا نہیں کیے گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 14 برس تک شو کا حصہ رہنے والےشیلیش لودھا گزشتہ برس اپریل میں اچانک اس شو سے الگ ہوگئے تھے۔

ذرائع کے مطابق شو کے منتظمین نے ان کے ایک برس سے زیادہ کی ادائیگی نہیں کی، ان ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ یہ رقم 6 فیگر ہے۔

شیلیش لودھا صبر و استقامت کے ساتھ ایک برس تک رقم کی ادائیگی کے منتظر رہے لیکن شو کے پروڈیوسر اسیت کمار مودی نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ بالآخر تنگ آکر ان کی منتظمین سے اس حوالے سے تلخ کلامی بھی ہوئی، جس کے بعد اپنی سبکی محسوس کرتے ہوئے انہوں نے خاموشی سے شو چھوڑ دیا، جس کے بعد سے وہ بالکل خاموش ہیں۔

ایک ذریعہ کے مطابق یہ کوئی پہلا موقع نہیں کہ کسی کی ادائیگی کا چیک اس طرح سے روکا گیا ہے۔

اس سے قبل شو میںشیلیش لودھا کی اہلیہ کا کردار ادا کرنے والی نیہا کے مہتا کے 30 سے 40 لاکھ روپے کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے جبکہ شو میں ٹپو کا کردار کرنے والے راج انادکاٹ کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی معاملہ ہے۔