ہائیکورٹ: قتل کے ملزم کی ضمانت منسوخ، اندراج مقدمہ کا حکم معطل

February 01, 2023

ملتان( سٹاف رپورٹر) ہائی کورٹ ملتان بنچ کے جج جسٹس علی ضیاء باجوہ نے قتل کے ایک ملزم کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری منسوخ کر دی۔ جسٹس محمد طارق ندیم نے ایڈیشنل سیشن تونسہ شریف کے بوگس چیک کے حوالے مقدمہ کے اندراج کے حکم کو معطل کرتے ہوئے پولیس سے 8 فروری کو رپورٹ طلب کرلی۔جسٹس احمد ندیم ارشد نے ایڈیشنل سیشن جام پور اور فیملی کورٹ کے حکم کو معطل کرتے ہوئے پیٹیشنر کو ڈگری شدہ رقم کا ایک تہائی فوری طور پر جمع کرانے اور باقی دو تہائی کا شیورٹی بانڈ جمع کرانے کا حکم دیا۔ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے موٹر سائیکل چوری کرنے کے مقدمہ میں گرفتار ملزم کی عبوری ضمانت پر سماعت 2 فروری تک ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے۔ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے اسلحہ کے زور پر شہری کو یرغمال بناکر نقدی رقم اور قیمتی اشیاء لوٹنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کی عبوری ضمانت پر وکلاء بحث کے لئے سماعت 14 فروری تک ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے۔ بھاری مقدار میں شراب برآمد ہونے کےمقدمہ میں گرفتار ملزم کی ضمانت عدم پیروی کی بنیاد پر خارج۔غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمے میں ملوث ملزم کی عبوری ضمانت وکلا دلائل کے بعد پچاس ہزار کے ضمانتی مچلکوں کے عوض منظور۔ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ نے دھوکا دہی اور امانت میں خیانت کرنے کے مقدمہ میں گرفتار ملزم ملک شفقت وینس کا مزید ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ہے۔ ملزم کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر گزشتہ روز دوبارہ عدالت پیش کیا گیا تھا۔