جِلد کا مرض چنبل(psoriasis) کیا ہے؟

February 02, 2023

آپ نے شاید جِلد کی بیماری چنبل (psoriasis) کے بارے میں سنا ہو، لیکن آپ کو شاید یہ معلوم نہ ہو کہ جِلد کی یہ حالت کیا ہے۔ کیا یہ واقعی خراب خشک جِلد ہے؟ کیا یہ آٹوامیون بیماری ہو سکتی ہے؟ اس کی علامات کیا ہیں؟ کیا جینیات اس میں کردار ادا کرتے ہیں؟ ماحولیاتی عوامل اس حوالے سے کتنے اثر انداز ہوتے ہیں؟ کیا یہ بیماری بہت زیادہ سورج کا سامنا کرنے سے ہوتی ہے؟ سب سے اہم بات یہ کہ آپ کیسے فرق کرسکتے ہیں کہ یہ چنبل ہے یا پھر ایگزیما؟

چنبل ایک دائمی سوزش، دیرپا اور غیر متعدی جِلدی بیماری ہے۔ یہ مدافعتی نظام کی خرابی اور جسم کی سوزش پر مشتمل ہوتی ہے، جس میں جِلد پر خارش ہوتی ہے اور وہ حصہ سرخ ہوجاتا ہے۔ چنبل بنیادی طور پر ہاتھوں، گھٹنوں، کہنیوں، ٹانگوں، کمر اور سر پر ہوتی ہے۔ اس میں جِلد کے خلیات عام خلیات سے زیادہ تیزی سے بڑھتے ہیں۔ جِلد کی یہ بیماری پورے جسم میں پھیل سکتی ہے۔ اس عام، دائمی جلد کی خرابی کا کوئی علاج نہیں ہے۔ چنبل چند ہفتوں یا مہینوں تک ظاہر ہوتی ہے، پھر کچھ عرصے کے لیے سست ہوجاتی ہے۔

چنبل کی علامات

چنبل کی علامات سب کے لیے یکساں نہیں ہوتیں۔ ان علامات میں شامل ہیں:

٭ سرخ، کھردری، خشک، پھٹی ہوئی یا خون بہنے والی جِلد

٭ خارش، جلن یا جلد میں زخم

٭ کمر یا گردن میں درد

٭ پاؤں میں درد

٭ آنکھوں میں درد یا لالی

٭ تھکاوٹ

٭ ناخن میں تبدیلیاں، جیسے گڑھا ہونا، گاڑھا ہونا، ڈھیلا ہونا یا رنگ میں تبدیلی

٭ جوڑوں میں سے کسی میں سوجن، سختی یا درد (انگلیوں، کلائیوں، گھٹنوں وغیرہ میں)

٭ جِلد یا جوڑوں کی کوئی بھی نئی علامات (چاہے وہ ہلکی یا غیر متعلق معلوم ہوں)

٭ سرخ کھجلی، چھوٹے پیمانے کے سفید دھبے زیادہ تر بچوں میں ہوتے ہیں

دیگر اشارے جو آپ کے معالج کو علاج تشخیص کرنے میں مدد کرسکتے ہیں، ان میں شامل ہیں:

٭ آپ کی جِلد کی یہ علامات کتنی بار ہوتی ہیں، وہ عام طور پر کتنی دیر تک رہتی ہیں اور آیا وہ آتی جاتی رہتی ہیں یا ہمیشہ موجود رہتی ہیں؟

٭ جِلد کی علامات کتنی ہلکی یا شدید ہوتی ہیں؟

٭ علامات آپ کے جسم پر کہاںظاہر ہوتی ہیں؟

٭ آپ کو جوڑوں میں درد، سوجن اور سختی کتنی بار ہوتی ہے، اور یہ کیفیت کتنی دیر تک رہتی ہے؟

٭ آپ کے جوڑوں کا درد 1 سے 10 کے پیمانے پر کتنا شدید ہے (1 ہلکا ، 10بہت زیادہ)؟

٭ کون سے جوڑ یا جسم کے حصے درد سے زیادہ متاثر، متورّم یا سخت ہیں؟

٭ آپ کی توانائی کی سطح آپ کے آخری بار معالج کو دکھانے کے بعد سے بہتر ہے یا خراب؟

٭ آپ کے لیے روزانہ کے کام کرنا کتنا آسان یا مشکل ہے (کپڑے پہننا، گاڑی چلانا، کھانا پکانا وغیرہ)؟

٭ کیا کوئی چیز ان علامات کو خراب بناتی ہے؟

٭ آپ مجموعی طور پر کیسا محسوس کرتے ہیں؟

چنبل کا علاج

صرف معالج ہی چنبل کی تشخیص کرکے اور ایسا علاج تجویز کرسکتا ہے جو علامات کو سنبھالنے اور بڑھنے کو کم کرنے میں مدد کرے گا۔ علاج کی قسم اس بات پر منحصر ہو سکتی ہے کہ مریض کو کس قسم کا چنبل ہے، نیز وہ محرکات جو چنبل کو بڑھاتے ہیں، اس میں انجکشن اور ادویات وغیرہ شامل ہوسکتی ہیں۔ اس کے علاوہ، لائٹ تھراپی بھی ایک آپشن ہے اور طرزِ زندگی میں تبدیلیاں بھی مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔

موئسچرائز کریں

چنبل کے مرض میںآپ کو روزانہ نمی کی ضرورت ہوتی ہے، خاص طور پر نہانے یا ہاتھ دھونے کے بعد۔ خارش کو کم کرنے کے لیے جِلد کی نمی کو برقرار رکھنا ضروری ہے، جسے بہت سے لوگوں نے چنبل کی سب سے بڑھنے والی علامت قرار دیا ہے۔ موئسچرائزنگ سرخی کو بھی کم کرے گی اور جِلد کو ٹھیک ہونے میں مدد دے گی۔

تناؤ ختم کریں

چنبل ایک دباؤ والی حالت ہے۔ مایوسی اس وقت بھی ہوتی ہے جب آپ علاج کر رہے ہوتے ہیں۔ ظاہر ہونے والی علامات پر شرمندگی اور اسکن کیئر کے معمولات میں فٹ ہونے کا تناؤ، چنبل کے علاج اور صحت کی دیکھ بھال سب کچھ زندگی کے تقاضوں سے وابستہ ہے۔

چنبل کے ساتھ فعال زندگی

عام طور پر، چنبل گرمی میں بہتر ہو جاتا ہے اور سردی میں بڑھ جاتا ہے۔ جرنل آف دی امریکن اکیڈمی آف ڈرمیٹولوجی کے ایک مطالعے سے پتا چلا ہے کہ چنبل کے 40.5 فیصد مریضوں کو سردیوں کے دوران اعتدال سے لے کر شدید صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

موسم گرما: سورج کی روشنی کی بدولت چنبل کے شکار لوگوں کے لیے موسم گرما باہر جانے اور کھیلنے کا بہترین وقت ہے۔ اعتدال پسند کھانے کے ساتھ، یہ جِلد کے خلیوں کی زیادہ پیداوار کو سست کر دیتا ہے، جو کہ اس مرض سے لڑنے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ ایک اور بڑی وجہ نمی ہے، جو جِلد کو نم رکھتی اور خارش کو کم کرتی ہے۔ نہانے اور تیراکی کے بعد موئسچرائزر لگانے سے اس نمی کو بند کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ تاہم، سن برن ایک مختلف کہانی ہے، جو چنبل کا مرض بڑھاتا ہے اور Koebner کا سبب بن سکتا ہے، جہاں زخمی جگہ پر نئے دانے نمودار ہوتے ہیں۔

موسم سرما: ٹھنڈا موسم چنبل کے مریضوں کے لیے اہم مسائل کا باعث بنتا ہے۔ ٹھنڈی، خشک ہوا اور سورج کی روشنی کی کمی، اس مرض میں اضافے کا باعث بنتی ہے۔ ماحول میں نمی کی کمی کا مقابلہ کرنے کے لیے ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ گھر کے اندر ہیومیڈیفائر کا استعمال، اگر ممکن ہو تو طویل وقت گرم پانی اور زیادہ نہانے سے گریز کریں۔

کاٹن جیسے قدرتی لباس پہنیں اور ایسے کپڑے پہننے سے گریز کریں جو جلن کا باعث بنیں، جیسے اون۔ اس کے علاوہ، جتنا ہو سکے موئسچرائز کریں۔ لوشن، کریم، تیل اور پیٹرولیم جیلی نہانے کے بعد اور سونے سے پہلے لگائیں۔ معالج چنبل کے لیے خاص موئسچرائزر تجویز کر سکتا ہے۔ موسم سرما میں سنگین حالات کے لیے فوٹو تھراپی کے ذریعے بھی چنبل کے مریض کو الٹرا وائلٹ لائٹ فراہم کی جاتی ہے ، جس سے سرخی اور خارش کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

سال بھر کی مشقیں

موسم جو بھی ہو، صحت مند طرز زندگی چنبل کے مرض کو قابو میں رکھنے میںکافی مدد کرتی ہے۔ اس پر قابو پانے کے لیے؛

٭ متوازن، صحت بخش غذا کھائیں اور بہت زیادہ پانی پئیں۔

٭ رات کو بھرپور اور پُرسکون نیند حاصل کریں۔

٭ جتنا ہو سکے تناؤ کو کم کریں۔

٭ تمباکو نوشی اور سیکنڈ ہینڈ سگریٹ نوشی سے پرہیز کریں۔

٭ روزانہ ورزش کریں۔