یوم یکجہتی کشمیر آج قومی عزم و جذبے کے ساتھ منایا جائیگا

February 05, 2023

لاہور(نمائندہ جنگ)پاکستان اور دنیا بھر میں لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف آج یوم یکجہتی کشمیر قومی عزم، روایتی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ آزاد کشمیر، پاکستان اور دنیا کے مختلف شہروں میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جلسے، جلوس نکالے جائیں گے جبکہ ریلیاں اور سیمینار منعقد کرکے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا جائے گا۔ انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی جائیں گی۔ اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر جماعتیں اقوام متحدہ کے دفتر میں یو این او کی قراردادوں کے تحت کشمیر میں استصواب رائے کرانے کے مطالبے پر مشتمل یاد داشتیں پیش کریں گی جبکہ آزاد کشمیر اور پاکستان کو ملانے والے کوہالہ پل کے دونوں جانب انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی۔ اسی طرح برطانیہ، امریکہ، کینیڈا کے بڑے شہروں سمیت اوسلو، برسلز اور جنیوا میں بھی کشمیری تارکین وطن کی تنظیمیں حق خودارادیت کی حمایت اور بھارتی مظالم کے خلاف ریلیاں نکالیں گی جن میں کشمیری اور پاکستانی تارکین وطن کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ کشمیری شہدا کی یاد میں صبح نو بجے ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائیگی۔