شیخ رشید، جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد، اڈیالہ جیل بھیج دیا

February 05, 2023

اسلام آباد ( رپورٹ، رانا مسعود حسین ) جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد کی عدالت نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کبخلاف سابق صدر آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کا الزام لگانے سے متعلق درج مقدمہ کی سماعت کے دوران استغاثہ کی جانب سے ملزم کا مزید پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیاہے،جبکہ کراچی پولیس کی جانب سے ملزم کو راہداری ریمانڈ پر انکے حوالے کرنے سے متعلق درخواست مسترد کردی ہے۔ مزید براں فاضل عدالت نے ملزم کی ضمانت کی درخواست پر نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت سوموار6فروری تک ملتوی کردی، تھانہ آبپارہ پولیس نے ہفتہ کے روز ملزم شیخ رشید کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر کی عدالت میں پیش کیا تو ملزم نے جج کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ مجھے ہسپتال بھیجا جائے، پیروں اور ہاتھوں پر خون ہے، میں ان سے بھیک نہیں مانگوں گا، بس میری پٹیاں کرا دی جائیں، مجھے کرسیوں سے باندھ کر رکھا گیا، 3سے 6بجے تک میرے ہاتھ پاؤں اور آنکھیں باندھ کر رکھی گئیں، مجھے رینجرز کی سکیورٹی چاہیے،ملزم کی استدعا پر جج کے حکم پر ملزم کی ہتھکڑیاں کھول دی گئیں،دوران سماعت پولیس کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ملزم کی وائس میچنگ کرا دی گئی ہے، اب فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کرانا ہے، ملزم نے کہا کہ ان کا ریکارڈ منگوائیں، 6گھنٹے مجھے کہاں رکھا گیا ہے، جس پر فاضل جج نے اسے خاموش کراتے ہوئے کہا کہ ہمیں پہلے پولیس کا موقف سننے دیں پھر آپ کوسنیں گے، پراسیکیوٹر نے کہا کہ ہم نے دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے دوران کوشش کی ہے کہ جو ٹیسٹ کرا سکیں کردئے گئے۔