شہر بھر میں اسٹریٹ کرائم کی شرح بڑھی ہے، ایڈیشنل آئی جی

February 08, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ شہر بھر میں اسٹریٹ کرائم کی شرح بڑھی ہے ، سائٹ صنعتی ایریا کے صنعتکاروں کیلئے سکیورٹی کے مؤثر اقدامات کئے جارہے ہیں ، کراچی میں بہت جلد سیف سٹی پروجیکٹ کا افتتاح کیا جائے گا جس کا مرکزی دفتر 10 منزلہ عمارت پر مشتمل ہوگا،پولیس کے نظام کو اسمارٹ کارڈ سسٹم پر منتقل کررہے ہیں اس کے علاوہ پولیس کے لیے باڈی کیم منگوا لیے ہیں، جبکہ جدید کیمروں سے لیس پیٹرولنگ گاڑیاں ساؤتھ زون سے شروع کررہے ہیں، سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ صنعتی ایریاز میں مستقل بنیادوں پر امن کے قیام کو یقینی بنانے کی لیے تاجر برادری سے مشاورت اور ان کی تجاویز پر غور کر کے سازگار ماحول فراہم کیا جاسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ صنعتی علاقوں میں ٹرک مافیا کے خلاف ٹیم کو کارروائی کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ہم قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن کے لیے بھی تیار ہیں،انہوں نے صنعتکاروں کویقین دہانی کروائی کہ بزنس مین محمد لاکھانی پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات جلد منطقی انجام تک پہنچے گی۔