پشاور سے کراچی تک اسپیشل کارگو / فریٹ ٹرین کے اجراء کا منصوبہ تیار

February 08, 2023

پشاور (لیڈی رپورٹر)پاکستان ریلویز ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پشاور محمد ناصر خلیلی نے گزشتہ روز سرحد چیمبر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیمبر کے نائب صدر اعجاز خان آفریدی ٗ پاکستان ریلویز ڈویژنل ٹرانسپورٹیشن / کمرشل آفیسر پشاور انور سعادت مروت ٗ ڈویژنل مکینکل انجینئر پشاور جاوید شاہ اور ڈویژنل اسسٹنٹ الیکٹریکل انجینئر جمیل الرحمان بھی موجود تھے۔ پاکستان ریلویز ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پشاور محمد ناصر خلیلی نے کہا ہے کہ ہمارہ ادارہ پشاور سے کراچی تک اسپیشل کارگو / فریٹ ٹرین کے اجراء کیلئے تیار ہے ۔سرحد چیمبر کارگو ٹرین کے لئے پوٹنشل سیکٹرز کی نشاندہی کریں تاکہ پاکستان ریلویز کارگو / فریٹ ٹرین پشاور سے کراچی تک بحالی کو فوری اوربروقت یقین بنایا جاسکے ۔ ہمارا ادارہ کاروباری طبقہ کو سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں۔ پاکستان ریلویز پشاور سے کراچی تک کارگو ٹرین / فریٹ ٹرین کے اجراء کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے اس بات کو محسوس کیا کہ پشاورفریٹ کے لحاظ سے ملک کے دیگرصوبوں / شہروں کے مقابلے میں بہت پیچھے ہے اور پشاور سے فریٹ ٹرین کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستان ریلویز کافی ذمہ داری کے ساتھ ملک بھر میں ترسیلات کوبروقت اور مقررہ منزل تک پہنچانے کے لئے عملی اقدامات کر رہا ہے۔پاکستان ریلویز پشاور تک کراچی کارگو ٹرین کے حوالے سے ایک جامعہ پلان ترتیب دے گا جس کے ذریعے خیبر پختونخوا کے پوٹنشل کارگو پر توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے سرحد چیمبر کے صدر محمد اسحاق کو یقین دہانی کروائی ہے کہ کاروباری طبقہ کو دیگر مسائل و مشکلات کے حوالے سے متعلقہ اداروں سے بات چیت کرکے انہیں فوری حل کیا جائے گا۔سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد اسحاق نے کہا کہ ریلویز دنیا بھر میں ٹرانسپورٹیشن اور کارگو سامان کی ترسیل کا زیادہ تر استعمال ہونیوالا ذریعہ ہے جس کے ذریعے تجارت ٗ برآمدات اور درآمدات کا عمل بہت آسان اور جلد مکمل کیا جاتا ہے۔