سرد موسم اور نوزائیدہ بچے

February 10, 2023

زرینہ فیصل

نوزائیدہ بچہ زیادہ توجہ اور دیکھ بھال چاہتا ہے۔ عموماً ہر موسم میں بچے کو موسمی اثرات سے بچانے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اکثر مائیں سردیوں میں چھوٹے بچوں کی وجہ سے زیادہ پریشان رہتی ہیں۔ نوزائیدہ بچے بہت جلدی ٹھنڈ میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔ بس ذر ا درست اقدامات کرلیے جائے تو مائوں کی یہ پریشانی آسانی سے حل ہو سکتی ہے۔ ذیل میں اسی حوالے سے کچھ کار آمد ٹپس بتائی جارہی ہیں جنہیں اپنا کر مائیں اپنے بچوں کو سردی سے دوراور صحت مند رکھ سکتی ہیں۔ بچوں میں بیماریوں کے خلاف لڑنے کی طاقت کم ہوتی ہے اس لیے انہیں بہر حال خاص توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔

٭…روزانہ اپنے بچے کوصاف ستھرا کریں۔ سردیوں میں بچے کو نیم گرم پانی سے نہلا ئیں۔ اس سے قبل کسی معیاری بے بی آئل سے بچے کے جسم کا اچھی طرح مساج کریں۔

٭…غسل دینے کے بعد بچے کو کچھ دیر کے لیے دھوپ میں بٹھائیں۔

․٭…بچے کو ٹھنڈ سے محفوظ رکھنے کے لیے گرم کپڑوں کا مسلسل استعمال نہ کریں۔ اس سے پسینہ آتا ہے اور ٹھنڈے پسینے کی وجہ سے بچہ کھانسی اور ٹھنڈ میں بھی مبتلا ہو سکتاہے۔

․٭…بچے کو وقفے وقفے سے نیم گرم پانی دیتی رہیں، تا کہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔

․٭…ٹھنڈ سے بچانے کے لیے بچے کو تھوڑی مقدار میں شہد دیں۔

․٭…ہر وقت ہیٹرآن نہ رکھیں۔ اس سے بچے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

․٭…رات میں بچے کو ہمیشہ خشک ڈائپر پہنائیں۔

سرد موسم میں جلد کی حفاظت کے لیے بچے کی ایکسٹراکئیر کرنی پڑتی ہے۔سردموسم جلد کو خشک کردیتا ہے، جس کی وجہ سے جلد میں خارش ہونے لگتی ہے اور جلد میں نمی کم ہوجاتی ہے۔

کچھ حفاظتی تدابیر اپنا کر مذکورہ بالامسائل سے بجا جا سکتا ہے۔ بچے کو غسل دینے کے بعد فوراً باہر لے کر نہیں جائیں۔غسل کے بعد بچے کے پورے جسم پر موئسچرائزر کا استعمال کریں، تا کہ بچے کے جسم میں نمی کی کمی نہ ہو۔سر سے پاؤں تک لوشن کا استعمال کریں۔ سرد موسم میں بچے کو گرم ملبوسات پہنانا چاہیے، مگر یہ اس قدر گرم نہ ہوں کہ پسینہ آنے لگے۔

بے بی جلد کی مناسبت سےنرم، گرم ملبوسات صحیح رہتے ہیں، کیوں کہ سرد موسم میں بچے کی جلد اور بھی نرم ہو جاتی ہے۔ اگر بچے کی جلد موسم سے متاثر ہو کر سرخ اور پھٹی نظر آنے لگی ہے تو ایسی پروڈکٹس استعمال کریں، جس میں وٹامن اے اور ڈی موجود ہوں یا ایسی پروڈکٹس استعمال کریں جو خصوصی طور پر بچوں کے لیے بنائی جاتی ہیں یہ پروڈکٹس لوشن کریم یا مرہم کی شکل میں مارکیٹ میں آسانی سے مل جاتی ہیں۔