ہم میچ میں رہے لیکن نتیجہ اپنے حق میں نہیں کرسکے، محمد رضوان

March 20, 2023

لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان سپر لیگ 8کی رنرز اپ ملتان سلطان کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ ہم میچ میں رہے، لیکن نتیجہ اپنے حق میں نہیں کر سکے، میچ کا ٹرننگ پوائنٹ شاہین آفریدی کی اننگز تھی، وہ مومینٹم بنا کر میچ لے گئے۔ ہم نے ٹورنامنٹ کے اختتام پر بہت ساری ٹرافیاں حاصل کیں ہیں لیکن اصل ٹرافی سے محروم رہے۔ چاہے آپ بیٹنگ پہلے کریں یا بعد میں فائنل میں پریشر آتا ہے۔پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے کوشش کی، کریڈٹ زمان خان کی بولنگ کو دینا چاہیے، زمان خان آخر میں اچھے اوورز کر رہا ہے وہ رنز نہیں ہونے دیتا۔ لاہور اور ملتان دونوں نے اپنی اپنی چیزیں اچھی کیں، ہم نے اچھی کرکٹ کھیلی ہے، ایک رن سے ہارے ہیں لیکن لاہور قلندرز نے کچھ زیادہ کوشش کی ہے۔ رضوان کا کہنا تھا کہ ہم نے بال کے بارے کوئی شکایت نہیں کی کہ ا سکرین پر بال لگنے سے خراش آ رہی تھی، بولرز نے دونوں اننگز میں بال چیک کی، میرا بلا ہاتھ میں گھوم گیا تھا گیند باہر بھی جا سکتی تھی وہ کیچ بہت اچھا تھا۔