پاکستان بدترین معاشی بحران کی زد میں، فیکٹریوں، کارخانوں صنعتوں کا پہیہ رک گیا

March 20, 2023

مکوآنہ ( این این آئی ) ملک میں سرمایہ کاری کے راستے بند ہو گئے، پاکستان اپنی تاریخ کے سب سے بدترین معاشی بحران کی زد میں، فیکٹریوں، کارخانوں اور صنعتوں کا پہیہ رک گیا، بازاروں پر ویرانی چھا گئی۔ فروری 2023میں بینکوں کے ڈپازٹس کی مالیت 22ہزار 900ارب روپے تک پہنچ گئی ، رپورٹ کے مطابق بینکوں کے اعدادوشمار ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان میں بدترین معاشی حالات کی وجہ سے سرمایہ دار اپنا سرمایہ بینکوں میں رکھنے پر مجبور ہیں، بینکوں کی شرح سود افراط زر سے کہیں کم ہونے سے رئیل ٹرم میں ڈپازٹرز کو نقصان ہورہا ہے اس کے باوجود بینکوں میں جمع شدہ رقوم کی مالیت بڑھ رہی ہے۔ماہرین کے مطابق سخت معاشی حالات کے باوجود بینکوں کے ڈپازٹس میں اضافہ ملک میں سرمایہ کاری اور تجارت کو درپیش چیلنجز کی نشاندہی کرتا ہے۔اعدادوشمار کے مطابق فروری 2023 میں بینکوں کے ڈپازٹس کی مالیت 22 ہزار 900 ارب روپے تک پہنچ گئی ،گزشتہ سال فروری میں بینک ڈپازٹس 19 ہزار 900 ارب روپے کی سطح پر تھے ایک سال میں بینک ڈیپازٹس میں 15 فیصد کا اضافہ ہوا۔ماہرین کے مطابق معاشی سرگرمیوں میں کمی ، امپورٹ پر پابندی ، اسٹاک مارکیٹ میں سرگرمیاں محدود ہونے سے کھاتے دار سرمایہ بینکوں میں رکھنے پر مجبور ہیں۔