27 لاکھ کا گمشدہ پاوچ مسافر کے حوالے

March 21, 2023

کراچی( افضل ندیم ڈوگر) امریکہ سے اسلام آباد پہنچے مسافر کا 27 لاکھ روپے مالیت کے امریکی ڈالر پر مشتمل گمشدہ پاؤچ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے کھوج لگا کر اصل مالک کے حوالے کردیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی ذرائع کے مطابق مسافر انور امان اہلخانہ کے ہمراہ 17مارچ کو امریکا سے قطر ایئر ویز کی پرواز کیو آر 632کے ذریعے امریکہ سے اسلام آباد پہنچا۔ بین الاقوامی آمد کے لاؤنج میں بیلٹ نمبر 5 سے سامان کے حصول کے دوران مسافر نے اپنا ہینڈ پاؤچ کرسی پر رکھ دیا۔ سول ایوی ایشن کے ترجمان کے مطابق مسافر اہل خانہ کے ہمراہ سامان لے کر صبح 2:30 بجے ارائیول لاؤنج سے باہر چلا گیا۔ ترجمان سی اے اے کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر عون چوہدری نے مسافروں کے شکایت سیل میں کال کی۔ جس پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ویجیلنس اسسٹنٹ رب نواز نے سی سی ٹی وی کے ذریعے معاملے کی از سرنو چھان بین کی۔ سول ایوی ایشن ٹیم نے کیمروں کی مدد سے ایک ایک مسافر کو تلاش کیا اور ایک فیملی کو اس سلسلے میں مشتبہ قرار دیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم کی کوششوں سے خاتون مسافر سے 9500 امریکی ڈالر پر مشتمل پاوچ برآمد کرکے اصل مالک انور امان کے حوالے کر دیا گیا۔