کراچی میں زیادہ یونین کمیٹیاں ہم نے جیتیں، شہر کا میئر جیالا ہوگا، مرتضیٰ وہاب

March 22, 2023

سندھ حکومت کے ترجمان اور مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں سب سے زیادہ یونین کمیٹیاں پیپلز پارٹی نے جیتی ہیں جمہوریت میں پہلا حق اس کا ہوتا ہے جس کے پاس اکثریت ہو کراچی میں پیپلز پارٹی کو اکثریت کسی اور نے نہیں بلکہ عوام نے دی ہے، لہٰذا کراچی کا میئر پیپلز پارٹی کا جیالا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ابراہیم حیدری عمر کالونی میں تین کلو میٹر طویل روڈ کے افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران کہی۔

اس موقع پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی محمود عالم جاموٹ، وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی و صدر پیپلز پارٹی ضلع ملیر سلمان عبداللّٰہ مراد، نذیر میمن سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

عمر کالونی میں تین کلو میٹر طویل روڈ کے این آئی پی کے تحت تعمیر کیا گیا ہے، 4.88 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کی جانے والی یہ سڑک پی اے ایف، ابراہیم حیدری اور عمر کالونی کو ملائے گی۔

روڈ کے اطراف سیوریج، برساتی نالہ اور الیکٹرک پولز نصب کیے گئے ہیں اس جدید سڑک کی تعمیر سے ملحقہ آبادیوں کے لاکھوں نفوس استفادہ کریں گے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی بلا تفریق عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا آج کی تقریب اس کا ثبوت ہے جو علاقہ عوام کا ہے وہ ہمارا ہے ماضی کی حکومتوں نے ان علاقوں میں کام نہیں کیا ہم نے پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی کام کروائے ہم نے اعلان اور وعدے نہیں کیے بلکہ ہم نے خاموشی سے ترقیاتی کام کرکے دکھائے ہیں جو لوگ کہتے ہیں پیپلز پارٹی نے کام نہیں کروایا وہ یہاں آکر دیکھ لیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے ضلع کورنگی میں بہت سے منصوبے مکمل کیے ہیں، پیپلز پارٹی کی حکومت کا شیوہ خدمت کرنا ہے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ آئندہ چھ ہفتوں میں نیا ڈوئل کیریج وے روڈ عوام کےلیے کھول دیا جائے گا، عمر کالونی میں تمام قومیتوں کے لوگ بستے ہیں آج کراچی میں بارش ہوئی ہے لیکن پہلی بار پانی نہیں رکا یہ فرق ہے دوسروں میں اور ہم میں، ہم کام پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورنگی کے عوام کو اور اچھی خبریں دیں گے، ابراہیم حیدری میں ساڑھے تین ارب روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے، گراؤنڈز، پارکس اور دیگر منصوبے زیر تعمیر ہیں، لانڈھی میں اسٹار گراؤنڈ کو بہت بڑے اسپورٹس کمپلیکس میں تبدیل کر رہے جبکہ بلوچ مجاہد گراؤنڈ میں کمیونٹی سینٹر، ووکیشنل اور ٹریننگ سینٹر بنایا جا رہا ہے۔

آئندہ جون تک یہ سارے منصوبے مکمل ہوں گے کوسٹل ہائی وے پر بھی کام شروع ہوگا مچھیروں کے روزگار کو بچانے کے لیے بڑا ٹریٹمنٹ پلانٹ بنایا جائے گا، کل 23 مارچ کو گلستان جوہر فلائی اوور کا افتتاح بھی کر دیا جائے گا۔

یہ تمام منصوبے کوئی اور نہیں بلکہ آپ کی اپنی پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت بنارہی ہے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہماری قیادت کی ہدایت ہے کہ عوام کے مسائل کو اولیت دی جائے اور یہی وجہ ہے کہ پوری سندھ حکومت عوامی مسائل کو حل کررہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور ہمارے منصوبے اس بات کا ثبوت ہیں اور یہی وجہ ہے کہ یہاں کے عوام پیپلز پارٹی کو ہر الیکشن میں کامیابکرواتےہیں۔