الیکشن، حکومت کیساتھ عمران کو بھی لچک کا مظاہرہ کرنا ہوگا، تجزیہ کار

March 23, 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے پہلے سوال کیا پی ٹی آئی ایک ساتھ انتخابات پر راضی ہوجائے گی؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ عمران خان کو بھی لچک کا مظاہرہ کرنا ہوگا

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق عمران خان ایک ساتھ انتخابات پر راضی ہوجائیں گے، سہیل وڑائچ نے کہا کہ عمران خا ن کہتے ہیں پی ڈی ایم حکومت آرمی چیف چلا رہا ہے اس حکومت سے ڈائیلاگ کا کوئی فائدہ نہیں ہے

حکومت اکتوبر میں صوبائی و قومی اسمبلیوں کے اکٹھے الیکشن کی بات کررہی ہے ، حکومت ڈائیلاگ کے ذریعہ پی ٹی آئی کو اکٹھے الیکشن پرآمادہ کرے،سول سوسائٹی سے ملاقات میں عمران خان ڈائیلاگ کیلئے آمادہ نظر آئے ، عمران خان کو شک ہے حکومت اور اسٹیبلشمنٹ انہیں اقتدار میں آنے سے روک رہی ہیں۔

ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم حکومت پہلے دن سے الیکشن سے بھاگ رہی ہے، انتخابات کے التواء کیلئے امن وامان کی صورتحال کوئی درست بہانہ نہیں ہے، ماضی میں امن وا مان کی انتہائی خراب صورتحال میں بھی انتخابات ہوئے ہیں، رانا ثناء اللہ جب سینہ ٹھونک کر کہتے تھے عمران خان صوبائی اسمبلیاں توڑیں ہم کل الیکشن کروادیں گے اس وقت ان کی یہ منطق اور دلائل کہاں تھے، عمران خان انتخابات چاہتے ہیں وہ اپنی ساری کشتیاں جلاچکے ہیں۔

محمل سرفراز نے کہا کہ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق عمران خان ایک ساتھ انتخابات پر راضی ہوجائیں گے، آرٹیکل 224میں ترمیم کیلئے پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی میں واپس آنا پڑے گا، اسپیکر پی ٹی آئی ارکان کو واپس بلالیتے ہیں تو تحریک انصاف اسمبلی میں واپس چلی جائے گی۔