یکم رمضان سے ”جیو ٹی وی“ پر 2 بڑے ڈراموں ”ہیر دا ہیرو“ اور ”تیرے آنے سے“ کا شاندار آغاز

March 24, 2023

کراچی ( جنگ نیوز) جیو ٹیلی ویژن کے شائقین کی دلچسپیوں کے پیش نظر ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ نے اپنی کاوشوں سے ناظرین کیلئے دو بڑے ڈراموں کا یکم رمضان سے ”جیو ٹی وی“ پر آغاز کردیا ہے۔ پاکستان کے دِل لاہور میں خوشیوں اور مسکراہٹوں کا ایک جہاں نئے سیریل ”ہیر دا ہیرو“ میں نظر آئے گا جسے یکم رمضان سے روزانہ شام 7بجے ”جیو ٹی وی“ پر نشر کیا جائے گا۔ صائمہ وسیم کی ہدایات میں پاکستان کے دِل لاہور میں عکس بند کی گئی کہانی کو امر خان نے تحریر کیا ہے جو خود بھی اس سیریل میں ”ہیر“ کا مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔ ست رنگی مزاج اندوز لاہور کے چوباروں میں بسنے والی ہیر کو اپنے ہیرو کا انتظار ہے۔ ندا حسین کے ساتھ شانی حیدر نے اپنی آواز، شاعری اور کمپوزیشن سے ڈرامہ سیریل کے ساؤنڈ ٹریک کو ترتیب دیا ہے۔ اس کے علاوہ ایک اور گیت نبیل شوکت کی پُر کیف آواز میں وکی ساندھو نے اپنی شاعری اور کمپوزیشن سے تیار کیا ہے۔ میگا اسٹار کاسٹ کی یہ ڈرامہ سیریل مسکراہٹوں کا لانے والی ہے طوفان۔ اس دلکش سیریل کے پروڈیوسر عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی ہیں۔ دوسرا ڈرامہ محبت، چاہت اور مسکراہٹوں کی کہکشاں، کہانی کے کرداروں کی تکرار سے پیار تک کے سفر کی داستان ہے۔ ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کی یہ تخلیق بھی ناظرین یکم رمضان سے روزانہ رات 9 بجے ”جیو ٹی وی“ پر ملاحظہ کریں گے۔ اس سیریل کو ثمرہ بخاری نے تحریر کیا جبکہ ہدایات ذیشان احمد نے دی ہیں۔ ڈرامہ سیریل ”تیرے آنے سے“ کے ٹائٹل سانگ ”تکیاں“ کو ندا حسین کی آواز کے ہمراہ شانی حیدر نے اپنی گائیکی، شاعری اور موسیقی سے ترتیب دیکر سحر انگیزبنادیا ہے۔ ڈرامہ سیریل کی پروموشن کی پہلی جھلک نے ناظرین کو اپنا گرویدہ بنا کر منتظر نگاہوں کو ڈرامہ سیریل کے نشر ہونے کیلئے مزید بے تاب کردیا ہے۔ ڈرامہ سیریل کے ایک اور گیت ”باریاں“ کو عاصم رضا کی شاعری کے ساتھ ساحر علی بگا نے موسیقی سے ترتیب دے کر سحر گل کے ہمراہ آواز کا جادو جگایا ہے۔ ڈرامے کے پروڈیوسر عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی ہیں۔