اشیاء خوردو نوش کے من مانے نرخ، پرائس لسٹ ردی کی ٹوکری میں

March 24, 2023

اسلام آباد ( ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار) رمضان کے پہلے روز ہی ٹماٹر 140 روپے کلو سے اوپر فروخت ہونا شروع ہو گئے ۔ضلعی انتظامیہ کی تمام تر کوششوں کے باوجود گراں فروشی نہ رک سکی ، جمعرات کو مارکیٹ کمیٹی کی طرف سے جاری کئے گئے نرخوں پر کوئی سبزی ،فروٹ ، مرغی گوشت، انڈے ، دودھ اور دہی دستیاب نہ تھے ۔ رمضان بازار وں جی سکس، جی ٹین، ایچ نائن ، آئی نائن اور پاکستان ٹاؤن میں ہزاروں شہریوں نے خریداری کی مگر کوئی خریدار بھی خوش نہ تھا ۔ زندہ مرغی اور سبزیاں مقررہ نرخوں سے 30/40 روپے مہنگی فروخت کی جارہی تھیں جبکہ فروٹ میں تو 100 تک فرق تھا، مارکیٹ کمیٹی کی طرف سے آلو کےنرخ 54ے 58روپے تک ،پیاز کے نرخ 149سے 160، ٹماٹر کے ریٹ 120روپے سے132روپے تک تھے ، مگر سٹال ہولڈرز من مانی قیمتیں وصول کر رہے تھے ۔ کالا کلو سیب 368، سیب گولڈن 330، سیب سفید 212، سیب گولہ 120، سیب ایرانی 297، انار کندھاری 464، امرو د 170، کیلا 313، ، کھجور 530 ، کھجور کالی لال 320 ،سٹرابری 247روپے ، انڈے 238روپے درجن ، مرغی زندہ 357روپے کلو، دودھ 160 روپے لٹر اور دہی 180 روپے کلو ریٹ مقرر تھا مگر ہر چیز سٹال ہولڈروں کی خواہش کے مطابق من مانے نرخوں پر فروخت کی جارہی تھی۔