ووٹ کی طاقت سے دیانتدار قیادت کا انتخاب کیا جائے، ڈاکٹر ریاض احمد

March 24, 2023

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) انجمن فیض الاسلام کے صدر ڈاکٹر ریاض احمد نے کہا ہے کہ 23مارچ کا دن قیام پاکستان اور نظریہ پاکستان کے حوالے سے تاریخ میں اہمیت رکھتا ہے۔ علامہ اقبال نے الہ آباد میں 1930ء کو اپنے خطبے میں جو مطالبہ پیش کیا تھا، اسلامیان ہند کیلئے اسکی عملی تصویر23مارچ 1940ء کو منٹو پارک لاہور میں قرارداد پاکستان کی صورت میں سامنے آئی۔ قائداعظمؒ اور انکے جانثار ساتھیوں کی جدوجہد سے آزاد وطن حاصل کیا گیا۔ ڈاکٹر ریاض نے کہا کہ آزاد ملک میں ہم نے قرآن و سنت کے قوانین کے مطابق زندگی گزارنا تھی مگر بدقسمتی سے ایسا نہ ہو سکا۔ اپنے ووٹ کی طاقت سے ایسی قیادت کا انتخاب کرنا چاہئے جو امانت‘ دیانت اور صداقت کے ساتھ نظریہ پاکستان کے عملی احیاء کی اہلیت و صلاحیت سے لیس ہو۔ زبانی کلامی عہد کی بجائے عملی کاوشوں کا آغاز کرنا چاہئے۔