سرکاری کوٹے میں 40 فیصد کمی‘ اوپن مارکیٹ میں گندم 51 سو من ہوگئی

March 24, 2023

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) محکمہ خوراک پنجاب نے راولپنڈی ڈویژن کے گندم کوٹے میں 2406ٹن یومیہ کی کمی کر دی ہے۔ 20جنوری 2023ء سے اب تک راولپنڈی ڈویژن کو 5524ٹن یومیہ گندم کا کوٹہ ملا کرتا تھا جو 21مارچ 2023ء سے کم کر کے 3128ٹن یومیہ کر دیا گیا ہے۔ راولپنڈی ڈویژن میں گندم جنوبی پنجاب کی طرح پیدا نہیں ہوتی۔ اس طرح محکمہ خوراک پنجاب میں موجود بعض کالی بھیڑوں نے گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ ملی بھگت کر کے راولپنڈی ڈویژن کا کوٹہ کم کرا دیا ہے‘ اسکے نتیجے میں اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت بیالیس سو روپے فی چالیس کلو گرام سے بڑھ کر بدھ جمعرات کو اکاون سو روپے فی من تک چلی گئی ہے۔ اسکے نتیجے میں پندرہ کلو پرائیویٹ آٹا تھیلا کی قیمت ایک سو پچاس روپے تک بڑھا دی گئی ہے۔