پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ممبر شپ اور تقریبات کے چارج بڑھا دئیے

March 25, 2023

کراچی( نصر اقبال،اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسپورٹس بورڈ نے حکومت کی جانب سے اپنے بجٹ میں کٹوتی کے بعد اپنی آمدنی کو بڑھانے کے لئے کھلاڑیوں کی ممبر شپ فیس ، قومی ایونٹ کے دوران کھلاڑیوں کو دی جانے والی رہائش کے حوالے سے رقم میں چار گناہ اضافہ کردیا ہے جس کی وجہ سے کھیلوں کی قومی فیڈریشنوں اور کھلاڑیوں کے لئے نئی مشکلات پیدا ہوگئی ہیں، پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اپنے ضلعی نیشنل کوچنگ سینٹر کے حکام کو بھی سرکلر جاری کردیا ہے جس میں انہیں اپنے اپنے سینٹرز پر بھی پریکٹس، جاگنگ ٹریک استعمال کرنے والوں کی فیس میں اضافہ کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ان سینٹرز پر کسی بھی ادارے کی کھیلوں کے حوالے سے ہونے والی تقریبات کے چارج میں بڑا اضافہ کردیا ہے، اس کے علاوہ قومی چیمپئن شپ کے دوران پی ایس بی کے ہاسٹل اسلام آباد میں کھلاڑیوں کی رہائش کے لئے ایک دن کا کرایہ 100روپے سے بڑھا کر500روپے کردیا گیا ہے، کھیلوں کی فیڈریشنوں کے حکام کا کہنا ہے ایک سال سے انہیں حکومت کی جانب سےسالانہ گرانٹ جاری نہیں کی گئی ، اب قومی چیمپئن شپ کے انعقاد پر مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔