کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بابر اعظم کے خلاف چارج شیٹ جاری کردی پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ میگا ایونٹ کے پاور پلے میں بابر اعظم کا اسٹرائیک ریٹ 100 سے کم ہونا اس فیصلے کی بنیادی وجہ بنا کہ نمیبیا کے میچ میں47گیندیں باقی تھیں اور انہیں بیٹنگ کے لئے نہیں بھیجا گیا۔بابر اعظم، جنہوں نے اب تک تین اننگز میں 115.78 کے معمولی اسٹرائیک ریٹ سے صرف 66 رنز بنائے ہیں، بھارت کے خلاف اتوار کو ہونے والے میچ میں سات گیندوں پر صرف 5 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے تھے۔ اس ناقص کارکردگی اور تنقید کے باوجود وہ نمیبیا کے خلاف اہم میچ میں ٹیم کا حصہ رہنے میں کامیاب رہے۔آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز سے نمبر 4 پر بیٹنگ کرنے والے دائیں ہاتھ کے بیٹرکو نمیبیا کے خلاف میچ میں بیٹنگ کا موقع نہیں مل سکا تھا، ان کی جگہ نوجوان بیٹر خواجہ نافع اور آل راؤنڈر شاداب خان کو بھیجا گیا۔ بیٹنگ میں اس تنزلی نے شائقینِ کرکٹ کو حیران کر دیا اور ٹیم میں ان کے مستقبل پر سوالات اٹھنے لگے۔جنگ کی تحقیق کے مطابق سپر ایٹ مرحلے سے پہلےبابر اعظم نے پانچ ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ کھیلے ہیں ان ٹورنامنٹس میں انہوں نے پاور پلے میں 217 گیندوں کا سامنا کیا، جس میں 187 رنز بنائے۔ جو کہ 86.17 کے اسٹرائیک ریٹ کے برابر ہے۔