کراچی (عبدالماجد بھٹی) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے اس بارے میں باضابطہ کوئی اعلان نہیں کیا ہوا لیکن یہ طے ہے کہ پاکستانی ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سپر ایٹ مرحلے میں سفر ختم ہوگیا تو بھارت دونوں سیمی فائنلز اور فائنل کی میزبانی کرے گا۔ اگر پاکستانی ٹیم سیمی فائنل اور فائنل میں جگہ بنالیتی ہے تو بھارت ایک سیمی فائنل اور فائنل کی میزبانی سے محروم ہوجائے گا۔ سری لنکا چھ میچوں کی میزبانی کرے گا۔ سری لنکا اور انگلینڈ اتوار کو دوسرے رائونڈ کا میچ دوپہر ڈھائی بجے سے کھیلیں گی جبکہ بقیہ تمام میچ شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوں گے۔ ہفتے کو پریماداسا اسٹیڈیم میں سپر ایٹ کا پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اگلے دن پالے کیلے میں سری لنکا اور انگلینڈ کا میچ ہوگا۔ منگل کو پاکستان اور انگلینڈ کا میچ پالے کیلے، بدھ کو سری لنکا اور نیوزی لینڈ کا میچ کولمبو،27 فروری کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کولمبو جبکہ 28فروری کو پاکستان اور سری لنکا کا مقابلہ پالے کیلے میں ہوگا ۔ پاکستانی ٹیم کوالی فائی نہیں کرتی تو چار مارچ کو پہلا سیمی فائنل بھارت میں ہوگا اور سری لنکا کو سیمی فائنل کیلئے بھارت جانا ہوگا۔ آئی سی سی نے پہلا سیمی فائنل بھارت میں کرانے کا اعلان کیا ہوا ہے لیکن وینیو ابھی خفیہ ہے جبکہ پانچ مارچ کو دوسرا سیمی فائنل ممبئی اور فائنل8 مارچ کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔