• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

T20 ورلڈ کپ، سپر ایٹ کا افتتاحی پاک، نیوزی لینڈ مقابلہ بارش کے باعث منسوخ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی سی سی ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ سپر ایٹ مرحلے کے افتتاحی میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کا مقابلہ بارش کی وجہ سے کوئی گیند پھینکے بغیر منسوخ کردیا گیا ۔دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا۔ٹاس کے بعد تیز بارش شروع ہوگئی، بارش کا سلسلہ تھم نہ سکا ، جس پرامپائروں نے میچ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔یہ ٹورنامنٹ کا دوسرا میچ ہے جو بارش کی نذر ہوا ۔پاکستان کو سیمی فائنل میں جانے کے لئے بقیہ دونوں میچوں میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ہفتے کو کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان نے بابر اعظم کو الیون میں برقرار رکھا۔خواجہ نافع کو ڈراپ کرکے پہلی بار فخر زمان کو پاکستان ٹیم میں شامل کیا گیا۔پاکستان کو سپر ایٹ میں دو مزید میچ کھیلنا ہیں۔منگل کو پالے کیلے میں پاکستان کو انگلینڈ سے کھیلنا ہے جبکہ ہفتہ28فروری کو پاکستان کا سپر ایٹ کا آخری میچ میزبان سری لنکا سے ہوگا۔گروپ مرحلے میں دونوں ٹیمیں کمزور حریفوں کے خلاف کامیابی حاصل کرکے سپر ایٹ میں پہنچی ہیں جبکہ دونوں ٹیموں کو اپنے اپنے گروپ کے مضبوط حریفوں کے خلاف شکست ہوئی۔نیوزی لینڈ ٹیم کو سب سے بڑا چیلنج وینیو کی تبدیلی کا ہے۔ اس نے اب تک اپنے چاروں میچز چنئی اور احمدآباد میں کھیلے ہیں۔بدھ کو نیوزی لینڈ پریما داسا اسٹیڈیم میں سری لنکا کے سامنے ہوگا۔27فروری کواسی گراونڈ میں نیوزی لینڈ انگلینڈ کا میچ ہوگا۔سپر ایٹ میں لیگ میچز کی ٹاپ آٹھ ٹیمیں شامل ہیں، ان آٹھ ٹیموں کو چار، چار کے دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، جو ایک دوسرے کے خلاف تین، تین میچز کھیلیں گی۔سپر ایٹ کے گروپ ون میں بھارت، زمبابوے، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ گروپ ٹو میں پاکستان، سری لنکا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ مدِمقابل ہوں گی۔ہر گروپ سے دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کے لئے کوالی فائی کریں گی۔بھارت کو سیمی فائنل تک پہنچنے کے لیے جنوبی افریقااور ویسٹ انڈیز جیسی مضبوط ٹیموں جبکہ ان فارم زمبابوے سے نمٹنا ہو گا۔ دوسری جانب پاکستان کے سامنے نیوزی لینڈ کے بعد سری لنکا اور انگلینڈ جیسی مضبوط ٹیمیں ہوں گی۔ممکنہ طورپاکستان اور بھارت فائنل میں آمنے سامنے آسکتی ہیں۔ دریں اثناء اتوار کو سری لنکا کی ٹیم ہوم گرائونڈ پر انگلینڈ سے جبکہ احمد آباد میں بھارت اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

اسپورٹس سے مزید