کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عبوری صدر اور وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی نے ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ پر سابق صدر طارق بگٹی کی جانب سے عائد کی گئی دو سالہ پابندی ختم کردی۔ جمعے کو عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد بیان میں انہوں نے کہا کہ جو بھی اقدام اور فیصلہ کروں گا وہ شارٹ ٹرم بنیادوں پر ہو گا، ہاکی کے فروغ اور بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کر دیے ہیں، ٹیم مینجمنٹ کی تشکیل نو پرکام جاری ہے، ادارے کی مینجمنٹ کو نئے سرے سے منظم کیا جائے گا۔ جلد فیڈریشن کے نئے انتخابات ہوں گے۔ تمام ادارے ہاکی کی بحالی کیلئے ہم آہنگ ہیں۔ کھلاڑیوں سے مل کر اہم فیصلے کروں گا۔ انہوں نے سابق صدر کا اسلام میں قائم کردہ فیڈریشن کا علاقائی دفتر بند کرنے اور رقم کھلاڑیوں پر خرچ کرنے کا اعلان کیا ۔