اڈیالہ جیل کے مسائل حل کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی جائیگی، کمشنر

March 25, 2023

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے جمعہ کو اڈیالہ سنٹرل جیل کا دورہ کیا۔ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد زیبا چودھری نے بھی جیل کا دورہ کیا ۔کمشنر نے نو عمر قیدیوں اور خواتین بیرکوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے قیدیوں کو دیئے جانے والے کھانے ،صحت سہولتوں سمیت جیل انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ قیدیوں کی اصلاح سے ہی وہ اچھے اور ذمہ دار شہری بن سکتے ہیں، جیل میں ووکیشنل تعلیم سے روزگار کے مواقع میسر ہونگے، سپرنٹنڈنٹ جیل اسد وڑائچ نے کمشنر راولپنڈی اور جج زیبا چودھری کو بریفنگ میں بتایا کہ اڈیالہ جیل میں 8 نئی بیرکیں زیر تعمیر ہیں، فنڈز کی کمی کی وجہ سے جیل میں تعمیراتی کام سست روی کا شکار ہے، جیل میں گنجائش سے زائد قیدی ہیں، گیس، پانی اور سیوریج کے مسائل کا بھی سامنا ہے جس پر کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ اڈیالہ جیل کے مسائل حل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت کر دی جائے گی ۔