پشاور، ایک ہزار کلو گرام سے زائد غیر معیاری اور مضر صحت تیل برآمد

March 25, 2023

پشاور (لیڈی رپورٹر) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی انسپکشن ٹیم نے خفیہ اطلاع پر گزشتہ رات کو پشاور میں ٹاؤن کے قریب رنگ روڈ پر سموسہ رول بنانے والی فیکٹری پر ا چانک چھاپہ مارا اس موقع پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے کارخانے سے ایک ہزار کلو گرام سے زائد غیر معیاری اور مضر صحت تیل برآمد کرکے موقع پر تلف کیا، ٹیم نے ناقص صفائی اور سموسہ رول بنانے کیلئے غیر معیاری تیل کے استعمال پر فیکٹری مالک پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیا، واضح رہے کہ مالکان نے پوچھ گچھ کے دوران بتایا کہ سموسہ رول پشاور کے سپر مالز اور دیگر فاسٹ فوڈ پوائنٹس کو سپلائی کیا جاتا ہے، بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی شاہ رخ علی خان نے ملاوٹ مافیا کو تنبیہہ کی کہ ملاوٹ سے اجتناب کریں بصورت دیگر انکے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں بھی فوڈ سیفٹی ٹیموں کے اچانک چھاپے جاری رہینگے اور قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور اس سلسلے میں کسی سے رعایت نہیں برتی جائیگی۔