منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کو کھلی چھٹی دیدی گئی ہے‘ نصراللہ رندھاوا

March 26, 2023

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے حکو مت سے مطالبہ کیا ہے کہ احترام رمضان آرڈیننس پر عمل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ روزمرہ اشیائے خورو نوش کی قیمتوں سمیت آٹے‘ مرغی‘ گوشت سے لیکر پھلوں اور سبزیوں کی مصنوعی مہنگائی نے عوام کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کرانے کیلئے حکومتی رٹ کہیں بھی نظر نہیں آتی‘ ایسا لگتا ہے کہ حکومت نے منافع خوروں اور ذخیرہ اندوز مافیا کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے جس پر عوام کا کوئی بھی پرسان حال نہیں۔ دنیا بھر میں مذہبی ایام کے موقع پر حکومتیں عوام کو خصوصی رعایت دیتی ہیں اور اُنکے بازاروں میں چیزیں سستی کر دی جاتی ہیں تاکہ ہر ایک بھرپور استفادہ کر سکے مگر پاکستان میں رمضان شریف آتے ہی سحرو افظار کی چیزوں سمیت روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں کو پر لگ جاتے ہیں۔ نصراللہ رندھاوا نے کہا حکو مت پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال اور چیک اینڈ بیلنس کا فعال نظام بنا کر ماہ مقدس میں عوام کو ریلیف دے۔