آرٹیفیشل انٹیلی جنس انسانی آبادی کو دشمن سمجھ کر حملہ کرسکتی ہے، بل گیٹس

March 27, 2023

واشنگٹن(این این آئی)مائیکروسافٹ کمپنی کے بانی بل گیٹس نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے متعلق خطرناک خدشہ ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ انسانی آبادی کو اپنا دشمن سمجھ کر اس پر حملہ کرنے کی اہلیت رکھتی ہے،اچھے مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے تو یہ تعلیم، صحتِ عامہ، کاروبارکو بہتر کرسکتی ہے ۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے شعبے میں ہونے والی ترقی سے پرجوش اور متاثر ہیں تاہم انہیں خدشہ ہے کہ اے آئی فورسز دنیا پر حکمرانی کے لیے روبوٹس تعینات کر سکتی ہیں۔

اے آئی ٹیکنالوجی کئیملازمتوں میں انسانوں کی جگہ لے رہی ہے اور اس ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کے ہر روز نت نئے استعمالات سامنے آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر آرٹیفیشل انٹیلی جنس کو اچھے مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے تو یہ تعلیم، صحتِ عامہ، کاروبار اور طرز زندگی کو بہتر کرسکتی ہے اور ساتھ ہی ساتھ عالمی عدم مساوات اور غربت کو بھی کم کر سکتی ہے۔

تاہم دوسری طرف، بل گیٹس کا یہ بھی ماننا ہے کہ اے آئی یہ فیصلہ کر نے کی بھی اہلیت رکھتی ہے کہ انسان ایک خطرہ ہیں اور ہم پر حملہ آور ہوسکتی ہے۔