نواب شاہ، بوگس ووٹنگ پر ایم کیو ایم کی تشویش

March 27, 2023

کراچی( اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے نوابشاہ یونین کمیٹی نمبر 6 میونسپل کارپوریشن ایچ ایم خواجہ میں چیئر مین اور وائس چیئرمین کے انتخابات کیلئے پیپلزپارٹی کی جانب بوگس ووٹنگ کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔رابطہ کمیٹی نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن نمبر 8 پر پیپلزپارٹی کے غنڈہ عناصر نے دھاوا بول دیا اور جعلی ووٹ ڈالنے شروع کردئیے جس پر پولنگ ایجنٹس نے ان کو روکا تو پیپلزپارٹی کے غنڈوں نے پولنگ ایجنٹس کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں جبکہ اس سارے معاملے پر پیپلزپارٹی کے غنڈوں کی پولیس پشت پناہی کرتی رہی ہے۔رابطہ کمیٹی نے چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ نوابشاہ میں چیئر مین اور وائس چیئرمین کے انتخابات کے نتائج کو فوری روکا جائے اور پیپلزپارٹی کے غنڈہ عناصر کی جانب سے کی جانے والی دھاندلی اور پولنگ ایجنٹس کے زخمی ہونے کا نوٹس لیا جائے۔