رمضان میں ناجائز منافع خوری سے اجتناب کیا جائے، سینیٹر ثمینہ

March 27, 2023

کوئٹہ (پ ر) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ رمضان المبارک ذاتی محاسبہ کا مہینہ ہے ،یہ اپنی ذات کے حوالے سے نظر ثانی اور اصلاح کا مہینہ ہے ہم نے پہلے اپنی اصلاح کرنی ہے اور پھر ہم نے مل کرمعاشرے کی اصلاح کرنی ہے اور اپنے پیارے وطن پاکستان کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی جانب گامزن کرنا ہے یہ مہینہ اپنی خواہشات ونفس پر قابو پانے کی تربیت دیتاہے جس کے ذریعے مومنین میں یہ صلاحیت پیدا ہو جاتی ہے کہ وہ صبر اور نظم و ضبط کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ ہم اپنے ارد گرد نظر رکھیں اور اگر کوئی ضرورت مند ہو تو فوری طور پر اس کی مدد کریں اس طرح ہمارا معاشرہ ترقی پائے گا اس سے نہ صرف آپ کے حلال رزق میں برکت ہو گی بلکہ غریبوں کی دعائیں بھی حاصل ہوں گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک میں ناجائز منافع خوری سے مکمل اجتناب کریں اور اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کیلئے عوام کو بھر پور ریلیف دیں یقین کیجئے آپ کے اس عمل سے اللہ آپ کے رزق میں بے پناہ برکت و اضافہ کرے گا ۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اس موقع پر اس بات پر زور دیا کہ ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے کہ وطن کی سلامتی اور ترقی و خوشحالی کے لئے اپنی بھرپور کاوشیں بروئے کار لائیںاور اس مقصد کے لئے نوجوانوں کا کردار سب سے اہم ہے۔ نوجوان ہی ہیں جنہوں نے آگے چل کر ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے اور وطن کی تیز رفتار اور دیرپا ترقی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ہم ماہ رمضان میں اپنے نفس پر قابو رکھتے ہیں اوربرے کاموں سے اجتناب اور اچھے کاموں کی جانب راغب ہوتے ہیں اسی طرح اگر سارا سال اس پر عمل پیرا رہیں تو ملک سے ہر قسم کی برائی اور کرپشن ختم ہو سکتی ہے اور ملک صحیح معنوں میں اسلامی اصولوں کی جانب گامزن ہوسکتا ہے۔