سرکاری آٹا برآمد، گودام سیل، 20 گرانفروش دکانداروں کو جرمانے

March 27, 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر) پرائس کنٹرول مجسٹریٹ رانا ریاض احمد نے گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک گودام سیل جبکہ بیس دکانوں کو گیارہ ہزار روپے جرمانہ کردیا۔ تفصیل کے مطابق رانا ریاض احمد نے گجر کھڈا کے علاقے میں بیٹری کے گودام میں چھاپہ مار کر سو سے زائد سرکاری آٹے کے تھیلے برآمد کرلیئے جس پر گودام سیل کردیا گیا ۔ رانا ریاض احمد نے گلشن مارکیٹ میں سبزیاں اور پھل مہنگے داموں فروخت کرنے پر بیس دکانداروں کو گیارہ ہزار روپے جرمانہ بھی کیا۔ رانا ریاض احمد کا کہنا ہے کہ مہنگائی مافیا کے خلاف بلاتفریق کاروائیوں کا سلسلہ جاری رہیگا انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خور سلاخوں کے پیچھے ہونگے۔