خالد رضا کے قتل میں لڑکی بھی ملوث، دو ملزم گرفتار

March 28, 2023

کراچی(افضل ندیم ڈوگر) کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ماہر تعلیم خالد رضا کے قتل میں ایک لڑکی سمیت دو ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے جو قتل کی منصوبہ بندی اور سہولت کاری میں ملوث ہیں۔ تحقیقاتی ذرائع کے مطابق خالد رضا کے قتل میں بھی اجرتی ٹارگٹ کلرز کے ملوث ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حساس ادارے کی کاروائی میں زیر حراست خاتون سمیت دو ملزمان مقتول خالد رضا کی نگرانی اور ریکی میں ملوث رہے۔ ریکی کا ٹاسک مکمل ہونے پر طے شدہ اجرت کی رقم ان کے موبائل فون اکاؤنٹ میں فراہم کی گئی۔ ملزمان نے مقتول کے گھر کی ویڈیوز اور گھر آنے جانے کے اوقات کار کی تفصیلات فراہم کیں۔ ملزمان کے موبائل فون سے یہ تفصیلات ری کور کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ خالد رضا کو 26 فروری 2023 کی رات گلستان جوہر میں ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا تھا۔