ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے ڈیلی ویجز ملازمین کا تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاج

March 28, 2023

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی کے تقریباً 2ہزار ڈیلی ویجز ملازمین نے دو سے تین ماہ کی تنخواہیں نہ ملنے پر کچہری چوک میں احتجاج کیا۔ احتجاج کے باعث گھنٹوں ٹریفک متاثر رہی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق نخواہوں کی ادائیگی کیلئے بل ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس بھجوایا گیا تھا لیکن اکاوئنٹ آفس نے اعتراض لگا دیا کہ ملازمین کی بھرتی اُس وقت کے ڈپٹی کمشنر نے کی تھی جو اسکے مجاز نہیں۔ ملازمین کی بھرتی کیلئے سیکرٹری ہیلتھ کے احکامات فراہم کئے جائیں۔ احتجاج کے دوران ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر انصر اسحاق مظاہرین سے مذاکرات کیلئے پہنچے اور انہیں آگاہ کیا کہ وزیر صحت و سیکرٹری صحت سے رابطے ہو گئے ہیں‘ چند دنوں میں بھرتی کے احکامات جاری اور تنخواہیں ادا ہو جائینگی۔ اس یقین دہانی کے بعد ملازمین نے احتجاج ختم کردیا۔