جنوبی امریکی فٹبال فیڈریشن میوزیم میں میسی کا مجسمہ نصب ہوگا

March 29, 2023

کراچی (جنگ نیوز) جنوبی امریکی فٹبال فیڈریشن میوزیم نے لیونل میسی کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ان کا مجسمہ نصب کرنے کا فیصلہ کیا۔ عالمی چیمپئن کا ورلڈکپ ٹرافی تھامے مجسمہ پیراگوئے کے شہر ’’لوکی‘‘ میں واقع ہیڈ کوارٹر میں لیجنڈز میراڈونا اور برازیل کے عظیم فٹبالر پیلے کے برابر نصب کیا جائے گا۔

اس متعلق میسی کا کہنا تھا کہ میں نے ایسا کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا، بچپن سے میرا خواب پیشہ ور فٹبال پلیئر بننا تھا، میں زندگی میں یہی کام کرنا چاہتا تھا جس سے مجھے عشق تھا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل میسی کی جانب سے اپنے 800 گول مکمل کرنے کے بعد ارجنٹینا کی فٹبال فیڈریشن نے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ٹریننگ سینٹر کو میسی کا نام دے دیا تھا۔

وہ بین الاقوامی فٹبال میں99 گول کر چکے ہیں ۔ اگر وہ رواں ہفتے اپنے گول کی سنچری مکمل کر لیتے ہیں تو ارجنٹینا کے 100 گول کرنے والے پہلے فٹبالر بن جائیں گے۔