ریلوے مالی بحران کا شکار، 2ٹرینیں ضم، ملازمین کا احتجاج، تنخواہوں کا مطالبہ

March 29, 2023

کراچی(اعجاز احمد/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان ریلوے نے مالی بحران کے سبب ’’پاک بزنس ایکسپریس‘‘ کی آمدورفت معطل کرکے اسے ’’کراچی ایکسپریس‘‘ میں ضم کردیا ہے، ملازمین کا احتجاج، تنخواہوں کا مطالبہ تاہم ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) کراچی اطہر ریاض کا کہنا ہے کہ یہ محض عارضی انتظام ہے اور عیدالفطر سے قبل دونوں ٹرینیں علیحدہ علیحدہ ہی چلا کریں گی۔ ذرائع کے مطابق ملکی معاشی حالات سے متاثر محکمہ ریلوے اس وقت مالی بحران کا شکار ہے اور ملازمین کو ماہ فروری کی تنخواہیں اب تک ادا نہیں کی گئی ہیں، جس کے باعث ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور سمیت کراچی، ملتان، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں ملازمین آئے دن احتجاج اور کام چھوڑ ہڑتالیں کررہے ہیں، اس کے نتیجے میں متعدد ٹرینوں کی آمد ورفت میں تاخیر ہورہی ہے اور ماہ رمضان میں روزہ دار مسافر سخت پریشانی کا شکار ہیں۔ پیر کو بھی یہاں کراچی کینٹ اسٹیشن سے متصل لوکوشیڈ سے ملازمین نے احتجاجاً انجن نہیں نکلنے دیا تھا، جس کے سبب ’’قراقرم ایکسپریس‘‘ خاصی تاخیر سے لاہور کے لیے روانہ ہوسکی تھی۔