آئین شکن عناصر کا بھیانک انجام بہت جلد قوم دیکھے گی، تحریک انصاف

March 30, 2023

کوئٹہ (پ ر) تحریک انصاف کے سینئر صوبائی نائب صدر حاجی سیف اﷲ کاکڑ نے کہا ہے کہ 75سال سے قوم کے ساتھ جو کچھ ہوتا رہا ہے آج قوم وہ سب جان گئی ہے، چہروں سے نقاب اتر چکے ہیں، قوم حق کے ساتھ کھڑی ہے اور انشاءاﷲ پوری قوت کے ساتھ حق کو فتح ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے الیکشن کرانے سے انکار کو آئین شکنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئین شکن عناصر کا بھیانک انجام بہت جلد قوم دیکھے گی ،انہوں نے رانا ثناءاﷲ کی جانب سے عمران خان کو قتل کی دھمکی اور پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کی اغواءنما گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بغض عمران میں تمام حدیں پار کر لی گئی ہیں عوام اور ملک کی پرواہ کسی کو نہیں پوری قوت عمران خان کے خلاف استعمال کی جا رہی ہے اور اب تو سپریم کورٹ کو بھی کھلم کھلا دھمکیاں دی جا رہی ہیں ،انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا جو بھی رکاوٹ بننے کی کوشش کرے گا قوم اسے نیست و نابود کردے گی کیونکہ یہ حق اور باطل کی جنگ ہے اور اﷲ پاک ہمیشہ حق کے ساتھ ہوتا ہے۔