متحدہ عرب امارات کے صدر نے بڑے صاحبزادے کو ولی عہد مقرر کردیا

March 31, 2023

دبئی (اے ایف پی، سبط عارف) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے اپنے بڑے صاحبزادے 41 سالہ شیخ خالد کو ابو ظبی کا ولی عہد مقرر کردیا ہے۔ صدر نے اپنے حکم نامے میں مانچسٹر سٹی فوٹ بال کلب کے مالک اور اپنے بھائی شیخ منصور بن زید کو نائب حکمران مقرر کیا ہے۔ صدر کے دو بھائی، متحدہ عرب امارات کی قومی سلامتی کے مشیر شیخ تہنون بن زید اور شیخ ہزاع بن زید ابوظہبی کے نائب حکمران مقرر ہوئے ہیں جو کہ ملک کے آئل ذخیرے کے بڑے حصے پر بھی کنٹرول کرتے ہیں۔ پاکستان، سعودی عرب ، قطر اور یو اے ای کی چھ ریاستوں کے سربراہان نے شیخ خالد کی تعیناتی کا خیر مقدم کیا ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شیخ خالد اور شیخ منصور کو مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دعا ہے کہ یہ نیا باب متحدہ عرب امارات اور اس کے عوام کیلئے کامیابی اور خوشحالی سے بھر جائے۔ سعودی عرب کے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کو ملک میں حالیہ اعلیٰ سطحی تقرریوں پر مبارکباد دی۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق، متحدہ عرب امارات کے صدر کو بھیجے گئے الگ الگ کیبلز میں، شاہ سلمان اور ولی عہد دونوں نے شیخ محمد بن زاید اور اماراتی عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔