لیگل کمیشن آن بلاسفیمی کا 7 اپریل ’’تحفظ ناموس رسالت‘‘ کے طور پر منانے کا اعلان

March 31, 2023

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) لیگل کمیشن آن بلاسفیمی نے جمعہ 7 اپریل کو ’’تحفظ ناموس رسالت‘‘ کے دن کے طور پر منانے کا اعلان کر دیا۔ چیئرمین کمیشن راؤ عبدالرحیم ایڈووکیٹ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے انتہائی منظم طریقے سے سوشل میڈیا کے ذریعے اللہ رب العزت، رسول اکرمؐ ، اہلِ بیتِ اطہار، ازواج رسول، اصحابِ رسول، قرآن پاک اور قومی پرچم کی توہین کی جا رہی ہے۔ یہ گستاخی سنگینی کی ہر حد کو پار کرچکی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس لعنت پر قابو پانے کیلئے نہ صرف حکومتی ادارے اپنا فرض ادا کریں بلکہ علمائے کرام، مذہبی ، سیاسی جماعتیں اور غیر سیاسی سماجی تنظیموں کے علاوہ میڈیا بھی اپنا کردار ادا کرے۔ سینئر ممبر شیراز فاروقی، علامہ شبیر شاہ گیلانی نے کہا کہ اس وباء پر قابو پانا چند افراد کے بس کی بات نہیں، اس کے لئے پوری قوم کو کردار ادا کرنا ہوگا۔