نیشنل پریس کلب کے انتخابات‘ جرنلسٹ پینل کامیاب،سپیکر، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد

March 31, 2023

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار، نمائندہ خصوصی) نیشنل پریس کلب اسلام آباد/راولپنڈی کے سالانہ انتخابات 2023-24ء میں جرنلسٹ پینل نے کامیابی حاصل کر لی۔ آر آئی یو جے دستور گروپ اور آزاد پینل نے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا تھا۔ 1943 صحافیوں نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔ انتخابی نتائج کے مطابق انور رضا 1038 ووٹ لے کر صدر، خلیل احمد راجہ نے 1035 ووٹ لے کر سیکرٹری، نیئر علی 1471 ووٹ لے کر فنانس سیکرٹری، نائب صدور کی 4 نشستوں پر اظہر جتوئی 1428 ووٹ، غضنفر عباس 1297 اور نذیر احمد چارن 1269 ووٹ اور مائرہ عمران 1400 ووٹوں سے کامیاب قرار پائیں۔ جوائنٹ سیکرٹری کی 4 نشستوں پر وقار عباسی 1445، اسلم لڑکا 1236 اور طلعت فاروق 1197 اور شکیلہ جلیل 1245 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائیں۔ گورننگ باڈی کی مردوں کی 15 نشستوں پر عامر رفیق بٹ، احمد منصور، احتشام کیانی، سید خالد گردیزی، حامد حبیب، قلب علی، ذوالفقار بیگ، بابر ملک، سید عون شیرازی، جعفر علی بلتی، فرحت محمود عباسی، وقار کاظمی اور راجہ وسیم عباسی، منظور احمد سلہری اور راجہ کامران علی، سحرش قریشی 1106 اور روبینہ شاہین 1087 ووٹ لے کر کامیاب ہوئیں۔دریں اثناءسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی ہے ۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ نیشنل پریس کلب کی نو منتخب باڈی صحافیوں کے مسائل کو حل کرنے اور صحافت کے معیار کو برقرار رکھنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریگی۔