بھارت کو پیسے کا غرور، سپر پاور بن کر کرکٹ چلا رہا ہے، عمران خان

April 01, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) قومی کر کٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کر کٹ تعلقات کے حوالے سے بھارت پر برس پڑے۔غیر ملکی میڈیا سے بات چیت میںانہوں نے کہا کہ بھارت سپر پاورکی حیثیت سےکرکٹ کو چلا رہا ہے، پیسے کے بل پر وہ فیصلہ کرتا ہےکہ کس کو کھیلنا چاہئےکس کو نہیں ۔بھارت کے رویے میں تکبر ہے، بدقسمتی سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات کی وجہ سے پاکستانی کرکٹرز آئی پی ایل میں نہیں ہیں، حیران کن ہےکہ بھارتی بورڈ نے پاکستان کے کھلاڑیوں کو باہر رکھا ہوا ہے ۔ اب پاکستان کے پاس بھی اچھی کوالٹی کی لیگ ہے، پاکستان سپر لیگ کھیلنےکے لیے غیر ملکی کھلاڑی آتے ہیں، پاکستان کے بہت اچھے نوجوان کرکٹر سامنے آرہے ہیں، ہمیں اس کی فکر نہیں کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایک زمانے میں انگلینڈ اورکاؤنٹی کرکٹ میں کھلے عام نسل پرستی تھی ،میرے کیریئر کے آغاز سے اختتام تک یہ نسل پرستی تھوڑی کم ہو ئی ہے، جب میں نے وہاں کھیلنا شروع کیا تو ہر وقت گراؤنڈ میں نسل پرستانہ ریمارکس ہوتے تھے، نارتھ انگلینڈ میں پاکستانیوں کو بھی اس سے گزرنا پڑتا تھا، پاکستانیوں کو سڑکوں اور گلیوں میں برا بھلا سننا پڑتا تھا۔میں نے اپنے کیریئر کا اختتام کیا تو نسل پرستی کم تھی۔