شاداب خان کا پاکستان وائٹ بال کی نائب کپتانی برقرار رکھنا مشکل

April 01, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) شاداب خان کیلئے پاکستان وائٹ بال کی ٹیم نائب کپتانی پر برقرار رہنا مشکل ہورہا ہے، اطلاعات گردش کررہی ہیں کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز میں شاداب خان کی جگہ کسی دوسرے کھلاڑی کو نائب کپتان مقرر کیا جائے گا۔ شاداب خان 2020 میں نائب کپتان بنائے گئے تھے۔ وہ سپر لیگ ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان بھی ہیں۔ دسمبر 2020 میں شاداب خان نے بابر اعظم کی عدم موجودگی میں نیوزی لینڈ میں تین ٹی 20 میچز میں قومی ٹیم کی قیادت کی تھی۔ جبکہ حال ہی میں افغانستان کے خلاف شارجہ میں تین ٹی 20 میچز میں قیادت کے فرائض انجام دیے۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ سلیکشن کمیٹی نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاداب خان کی جگہ لیگ بریک بولر اسامہ میر کو کھلانے پر غور کررہی ہے،حالیہ پی ایس ایل میں اسامہ میر نے ملتان سلطانز کے لیے 12میچوں میں 17 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ افغانستان کے خلاف سیریز میں وہ ریزرو کھلاڑیوں میں تھے۔