ڈسٹرکٹ جیل دیر اپر کے پی سی ون جلد تیار کیا جائیگا، نگران صوبائی وزیر

April 01, 2023

پشاور(جنگ نیوز)خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے ہاؤسنگ و جیل خانہ جات شفیع اللہ خان نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ڈسٹرکٹ جیل اور کیڈٹ کالج دیر اپر کی فیز یبلٹی سٹڈی سمیت تمام عمل کو تیز کرکے جلد از جلد منصوبو ں پر کام کا آغاز کیا جائے اور مقررہ وقت میں تمام منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائے یہ ہدایات انہوں نے ڈسٹرکٹ جیل اور کیڈٹ کالج ضلع دیر اپر کے حوالے سے متعلقہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں ایکسین میگاپراجیکٹ سوات نے نگران صوبائی وزیر شفیع اللہ خا ن کو ڈسٹرکٹ جیل دیر اپر اور کیڈٹ کالج کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، نگران صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ جیل ضلع دیر اپر کے پی سی ون جلد تیار کیا جائیگا جبکہ اراضی حصول کیلئے ضلعی انتظامیہ کی تعاون کی ضرورت ہوگی جس پر نگران صوبائی وزیر نے موقع پر ہی ڈپٹی کمشنر کو فون پر ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں کیڈٹ کالج کے حوالے سے بتایا گیا کہ کیڈٹ کالج سکیم کی منظوری ہو چکی ہے، اس موقع پر نگران وزیر شفیع اللہ خان نے متعلقہ حکام کو دونوں منصوبوں پر کام کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔