ملک پر ایسا ٹولہ مسلط ہے جس نے عوام کا جینا عذاب بنا دیا، میاں محمد اسلم

April 01, 2023

اسلام آباد (نیوز رپورٹر ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ ملک پر ایسا ٹولہ مسلط ہے جس نے عوام کا جینا عذاب بنا دیا، رمضان کے مقدس مہینے میں لاکھوں لوگ صبح آٹے کی تلاش میں نکلتے ہیں، قطاروں میں گھنٹوں تضحیک اور تذلیل کے بعد دس کلو کا تھیلا ملتا ہے،انھوں نے کہا آٹا کے حصول کی جدو جہد میں سیکڑوں زخمی، کئی شہید ہوگئے، خواتین پاؤں تلے روندی گئیں، سوال یہ ہے کہ کیا حکومت اتنی ناکارہ ہے کہ لوگوں کو آٹا دینے کی صلاحیت نہیں رکھتی؟ ملک بند گلی میں، ادارے بے توقیر، ایوان تماشا اور پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کی اتحادی حکومت ناکام ہوگئی، پی ٹی آئی بھی خرابی میں برابر کی ذمہ دار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی ٹین میں معززین علاقہ کے اعزاز میں دیے گئے دعوت افطار سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔میاں محمد اسلم نے کہا قوم کی گردنوں پر مسلط ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کو کوئی ادارہ، نیب یا عدالت کرپشن پر نہیں پوچھتی۔