تحفظ سنٹرز میں ٹرانسجینڈر، سپیشل اور لاوارث بچوں کیلئے ڈیسک قائم

April 02, 2023

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) راولپنڈی ریجن کے چاروں اضلاع کے تحفظ سنٹر وں میں ٹرانسجینڈر ، سپیشل بچوں اور لاوارث بچوں کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کردئیے گئے ،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے حکم پر راولپنڈی میں پہلے سے موجود تحفظ سینٹر سمیت دیگر اضلاع میں تحفظ سینٹر و ں میں ڈس ایبل بچوں خواہ وہ پولیس فورس ملازمین کے بچے ہوں یا پرائیویٹ اشخاص کے گونگے بہرے بچے ہوں کے لیے الگ خصوصی ڈیسک قائم کردئیے گئے ہیں جن پر فوکل پرسنز کو تعینات کر کے واٹس ایپ نمبرز دئیے گئے ہیں۔ ان نمبر ز پرسماعت و قوت گویائی اور بصارت سے محروم افراد کسی بھی قسم کی شکایت درج کروانے سمیت معلومات کے حصول اور دیگر معاونت کے لیے رابطہ کرسکتے ہیں۔ اس حوالے سے ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن سید خرم علی نے اپنے بیان میں کہاہے کہ راولپنڈی ریجن کے تحفظ سینٹر وں میں ٹرانسجینڈرسمیت سپیشل اور لاوارث بچوں کے لیے خصوصی ڈیسک تشکیل دیئے گئے ہیں جہاں سائن لینگویج میں موصول ہونے والے ویڈیو پیغامات کو متعلقہ ضلع کے فوکل پرسن سائن لینگویج کے ماہرین سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے مسئلہ کی نشاندہی کر کے اس کا ازالہ کریں گے ،یہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد اقدام ہے جس سے خصوصی افراد کو درپیش مسائل کا ازالہ ممکن ہو سکے گا۔ ضلع راولپنڈی کے فوکل پرسن کاواٹس ایپ نمبر 0308-7775888 ،ضلع اٹک کے لیے فوکل پرسن کا واٹس ایپ نمبر 0310-2028550 ، ضلع چکوال کے فوکل پرسن کا واٹس ایپ نمبر 0307-7057301جبکہ ضلع جہلم کے فوکل پرسن کا واٹس ایپ نمبر 0332-5561790 ہے ۔